بھٹکل 26 اپریل (ایس او نیوز) کرناٹک میں کووِڈ کے بے تحاشہ بڑھتے معاملات پر قابو پانے کے لئے وزیراعلیٰ یڈی یورپا نے کل منگل رات نو بجے سے 14 دنوں کے لئے ریاست بھر میں پھر ایک بار لاک ڈاون نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پیر کو بنگلور میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ کے فوری بعد کیا گیا۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے یڈی یورپا نے کہا کہ کل سے جو لاک ڈاون کیا جارہا ہے وہ ہفتہ کے ساتوں دن جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ صرف صبح چھ بجے سے صبح دس بجے تک روزمرہ کی ضروری اشیاء کی خریدوفروخت کے لئے موقع فراہم کیا جائے گا اور ان کو چھوڑ کر دیگر تمام دکانیں اور کاروباری ادارے مکمل بند رہیں گے۔
یڈی یورپا نے کہا کہ ریاست میں لاک ڈاون کرنا ضروری اس لئے ہوا، کیونکہ کرناٹک میں کورونا کے معاملات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور بنگلور اور اطراف میں جتنے معاملات پیش آئے ہیں اُسے دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ کورونا کے معاملے میں ہم نے مہاراشٹرا کو بھی پیچھے ڈال دیا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ہم نے کرناٹک میں کورونا پر قابو نہیں پایا تو ہمیں لاک ڈاون میں مزید سختی کرنی پڑے گی اور لاک ڈاون کی مدت میں توسیع کرنی پڑے گی۔
یڈ ی یورپا نے کہا کہ کورونا لاک ڈاون کے تعلق سے چیف سکریٹری پی روی کی طرف سے تمام گائیڈلائنس کچھ گھنٹوں بعد جاری کئے جائیں گے۔
یڈی یورپا نے کہا کہ روزمرہ کی ضروری اشیاء کی دکانیں صبح دس بجے تک اوپن رہیں گی اسی طرح کھانے پینے کی اشیاء کی ہوم ڈیلیوری بھی جاری رہے گی۔
یڈی یورپا نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس ان ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل در آمد کریں گے جبکہ ہر تعلقہ جات میں متعلقہ علاقہ کے تحصیلدار کو نوڈل آفسر کے طور پر متعین کیا جارہا ہے جو مضافاتی علاقوں میں بھی کووِڈ کے پھیلاو کو روکنے ہرممکن کوشش کریں گے۔
صرف مال بردار سواریوں کو دوسری ریاست سے کرناٹک میں داخل ہونے یا کرناٹک سے دوسری ریاست جانے کی اجازت ہوگی جبکہ سرکاری یا پرائیویٹ بس یا مسافر بردار سواریوں کی خدمات بند رہے گی۔ یڈی یورپا نے کہا کہ جب لوگوں کو گھروں سے باہر جانے سے ہی روکا جارہا ہے تو پھر بس سروس کا کیا کام ؟
خیال رہے کہ آخری دو ہفتوں میں کرناٹک میں کورونا کے معاملات میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے، صرف اتوار کو ایک ہی دن قریب 35 ہزار کورونا پوزیٹیو کے معاملات درج کئے گئے ہیں جس میں سے صرف بنگلور میں 20,733 معاملات ہیں۔